لندن: ( دنیا نیوز ) لندن میں پاکستان کی ٹاپ ڈیزائنر سونیا اظہر کے فیشن شو نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی حالت زار کے بارے میں شعور اجاگر کرتے ہوئے سیلاب متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق شو لندن کے شیرٹن اسکائی لائن ہوٹل میں منعقد ہوا، اس میں منشا پاشا، اظفر رحمان اور سارہ شریف سمیت مختلف پاکستانی مشہور شخصیات نے شرکت کی، فیشن شو میں سیلاب زدگان کے لیے ہزاروں پاؤنڈز کے عطیات بھی اکٹھے کیے گئے۔
دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے سونیا اظہر نے کہا کہ مجھے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے اپنا مجموعہ پیش کرنے اور آگاہی فراہم کرنے پر خوشی ہو رہی ہے، ہمیں ان کے درد کو کم کرنے کے لیے جو کچھ ہو سکتا ہے کرنا چاہیے۔
سونیا جو پاکستان کی ٹاپ فیشن ڈیزائنر ہیں اور سونیا اظہر کی سی ای او ہیں کی لاہور میں واقع برائیڈل کوچر برانڈ اور پورے پاکستان میں آؤٹ لیٹس ہیں۔
تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی، برطانوی اور یورپی ماڈلز نے پاکستان کی ثقافت اور فیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے مشرقی ہاتھ سے تیار کردہ لباس زیب تن کیا، دبئی میں مقیم ماڈل سارہ شریف سونیا اظہر کے فائنل شو کی شو اسٹاپر تھی۔
عوام کا کہنا تھا کہ اس طرح کے شو دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج پروموٹ کرتے ہیں۔