بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کی اداکارہ اسٹیفنی صلیبہ کو کرپشن تحقیقات میں شامل کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا، صلیبہ کو فنانشل پراسیکیوٹر علی ابراہیم کی طرف سے تفتیش کے بعد فنانشل اٹارنی نے حراست میں لیا۔
جج غدا عون لبنان کے مرکزی بینک کے صدر ریاض سلامے کے خلاف جاری کیس کی سماعت کر رہی ہیں، جج نے عرب میڈیا کو تصدیق کی کہ انہوں نے اداکارہ صلیبہ کو تفتیش میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کو شک ہے کہ ریاض سلامے نے غبن شدہ رقم سے اداکارہ کو تحائف اور جائیدادیں خرید کر دیں۔
واضح رہے کہ صلیبہ ایک مقبول ٹی وی سیریز کی میزبان ہیں اور ان کے 23 لاکھ انسٹاگرام فالوورز ہیں۔
یاد رہے کہ ریاض سلامے کو کچھ وقت پہلے تک لبنان کے بینکنگ سیکٹر میں ترقی کیلئے سراہا جاتا تھا لیکن اب وہ لبنان سمیت 5 یورپی ممالک میں 30 کروڑ ڈالر اور 50 لاکھ یورو کی خرد برد کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔