لاہور: (دنیا نیوز) کورونا کے بعد 2022 میں ہالی ووڈ فلم’’ٹاپ گن: میورک‘‘،’’ جراسک ورلڈ ڈومینین‘‘ اور ’’ایلوس‘‘ جیسی فلموں نے سینما گھروں کو آباد کر دیا۔
سال کے دوران باکس آفس پر راج کرنے والی 10بہترین فلموں میں فلم ٹاپ گن میورک 716 ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کر کے پہلے نمبر پر رہی۔
سائنس فکشن فلم کے سیکوئل "ڈاکٹر اسٹرینج اِن دی ملٹی ورس آف مَیڈنیس" باکس آفس پر 411 ملین ڈالر کا بزنس کر کے سال کی دوسری بڑی فلم ثابت ہوئی۔
سائنس فکشن فلم جراسک ورلڈ کی تیسری سیریز ’جراسک ورلڈ ڈومینین‘ ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر چھا گئی اور 376 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر قبضہ جما لیا۔
مارول اسٹوڈیوز کی فلم بلیک پینتھر واکانڈا فارایور نے بھی کئی ریکارڈ توڑے اور 370 ملین ڈالر کما کر چوتھی پوزیشن لی۔
امریکی یوم آزادی کے موقع پر ریلیز ہونے والی اینی میٹڈ فلم’’منینز دی رائز آف گرو‘‘ نے 369 ملین ڈالر کمائے اور پانچویں پوزیشن پر رہی۔
فلم "دی بیٹ مین" نے بھی 369 ملین ڈالر کا بزنس کیا اور باکس آفس پر چھٹے نمبر پر قبضہ کیا جبکہ ساتویں نمبر پر موجود فلم ’’تھور، لو اینڈ تھنڈر‘‘ نے دنیا بھر میں 343 ملین ڈالر کمائے۔
اینی میٹڈ فلم "سونک دی ہیج ہاگ 2" نے مجموعی طور پر 190 ملین ڈالر کا بزنس کر کے آٹھویں پوزیشن حاصل کی، ایکشن، ایڈونچر فلم’ بلیک ایڈم‘ نے 163 ملین ڈالر کی کمائی کرکے نویں پوزیشن حاصل کی۔
سال 2022 میں دسویں پوزیشن حاصل کرنے والی فلم "ایلوس" نے مجموعی طور پر 151 ملین ڈالر کمائی کی ہے۔