نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے معروف جریدے رولنگ سٹون نے لیجنڈری پاکستانی گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کو تاریخ انسانی کے 200 عظیم ترین گلوکاروں کی فہرست میں شامل کر لیا۔
رولنگ سٹون نے استاد نصرت فتح علی خان کا تعارف کراتے ہوئے انہیں "شہنشاہ قوالی" کہا اور انہیں قوالی کی سلطنت کا آئیکون قرار دیتے ہوئے صدیوں پر محیط ان کے خاندانی وراثت کی تعریف کی۔
میگزین کے مطابق نصرت فتح علی خان نے اپنی بے مثل گائیکی سے پوری دنیا میں لوگوں کے دل جیتے اور خصوصی طور پر اسی کی دہائی میں پیٹر گیبریئل کیئے "ریئل ورلڈ لیبل" کیلئے ان کی ریکارڈنگ اور پرفارمنس نے لوگوں کو بہت متاثر کیا۔
امریکی جریدے کے مطابق نصرت فتح علی خان کے مشہور مداحوں میں شہرہ آفاق گلوکارہ میڈونا بھی شامل تھیں جبکہ ایڈی ویڈر نے "ڈیڈ مین واکنگ" کو ان کے ساتھ مل کر گایا۔
مضمون نگار نے مزید لکھا ہے کہ جیف بکلے نصرت فتح علی خان کو "میرا ایلوس" کہتے تھے اور انہوں نے استاد کے ساتھ اچھے طریقے سے کام کرنے کیلئے اردو زبان بھی سیکھی۔
عظیم ترین گلوکاروں کی فہرست میں انڈیا کی مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی جگہ پائی ہے اور رولنگ سٹون نے ان کو "پلے بیک گلوکاری کی ملکہ" اور "سروں کی ملکہ" قرار دیا ہے۔