لاہور : ( ویب ڈیسک ) لیجنڈری اداکار سلطان راہی کو مداحوں سے بچھڑے 27 برس بیت گئے، کئی دہائیوں پر فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والے سلطان راہی نے سینکڑوں فلموں میں فن کے جوہر دکھائے، سلطان راہی گنیز ورلڈ بک آف ریکارڈ میں نام درج کروانے والے پہلے پاکستانی فنکار بھی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پنجابی فلموں کے معروف ہیرو سلطان محمد المعروف سلطان راہی 1938 میں پیدا ہوئے ، انہوں نے اپنے کیرئیرکا آغاز فلم ’’ باغی ‘‘ میں ایک معمولی کردار سے کیا، 1972 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ بشیرا ‘‘ کی کامیابی نے سلطان راہی کو سپر سٹار بنا دیا۔
سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی فلموں کی کامیابی کی ضمانت بن گئی، انکی فلم ’’ مولا جٹ ‘‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے ریکارڈز قائم کئے، لیجنڈری اداکار کی دیگر کامیاب فلموں میں چن وریام ، اتھر اپتر ، وحشی جٹ شیر خان ، شعلے، جرنیل سنگھ اور شیراں دے پتر کافی قابل ذکر ہیں۔
سلطان راہی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ 12اگست 1981ءکو ان کی پانچ فلمیں شیر خان، ظلم دا بدلہ ،اتھرا پتر،چن وریام اور سالا صاحب ایک ہی روز ریلیز ہوئی تھیں اور ان فلموں نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کیے تھے۔