لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار احسن محسن اکرام نے کہا ہے کہ شادی کے لیے ان کی اہلیہ منال خان نے انہیں پروپوز کیا تھا۔
منال خان اور احسن محسن نے کچھ عرصہ قبل ڈیجیٹل پلیٹ فارم اردو فلکس کے شو دی مرزا ملک شو میں شرکت کی جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر زیر گردش ہے۔
دوران شو میزبان شعیب ملک نے سوال کیا کہ آپ دونوں میں سے کس نے پہلے شادی کے لیے پروپوز کیا تھا؟
سوال سن کر منال اور احسن دونوں نے ایک دوسرے کی طرف اشارہ کیا جس پر منال نے کہا کہ احسن اس بات کو مانتے نہیں ہیں لیکن پہلے انہوں نے شادی کی پیشکش کی تھی ۔
ساتھ ہی احسن مسلسل ہنستے ہوئے کہتے ہیں میں سچا انسان ہوں، منال نے پروپوز کیا تھا ۔
منال خان نے بتایا کہ ایک دن ایسے ہی کسی نے مجھے کان میں آکر پوچھا کہ کیا تم مجھ سے شادی کرو گی، میں نے مذاق مذاق میں ہاں کردی، مجھے کیا پتا تھا لڑکا سنجیدہ ہوجائے گا، کچھ وقت بعد میرے والدین کو فون کالز آنا شروع ہو گئیں لیکن احسن کبھی نہیں مانتا کہ اس نے مجھے پروپوز کیا ۔
منال نے شعیب اور ثانیہ سے سوال کیا کہ کیا شادی کی پیشکش کرنا بری بات ہے؟
ثانیہ نے جواب دیا کہ نہیں یہ تو بہت اچھی بات ہے، جب ثانیہ اور شعیب کی جانب سے احسن کو شادی کی کہانی سنانے کا کہا گیا تو احسن نے جواب دیا میرے پاس اس کے ثبوت موجود ہیں کہ پہلے منال نے شادی کے لیے پروپوز کیا، میں آپ کو بعد میں دکھاؤں گا ۔