قاسم علی شاہ کی چیئرپرسن الحمراء تعیناتی کا اقدام عدالت میں چیلنج

Published On 27 February,2023 03:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف موٹیوشنل سپیکر قاسم علی شاہ کو الحمراء آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنر کا چیئرپرسن تعینات کرنے کا اقدام چیلنج کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں قاسم علی شاہ کی الحمرا آرٹ کونسل کے چیئرپرسن تعنیاتی چیلنج کردی گئی درخواست گزار کا موقف ہے کہ نگراں حکومت نے من پسند افراد کو نوازا ہے۔

دائر درخواست میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت بورڈ کے دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست شہری محمد علی نے ایڈووکیٹ ردا نور کے توسط سے دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگراں حکومت نے قاسم علی شاہ کو تین برس کے لیے الحمرا آرٹ کونسل کا چیئرپرسن تعینات کیا ہے، نگراں وزیر اعلیٰ نے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے تعیناتی کی ہے، نگراں وزیر اعلیٰ کو ایسی تعیناتی کا کوئی اختیار نہیں ہے جبکہ بورڈ آف گورنر کے عہدے کے لیے متعلقہ افراد کا آرٹ یا کلچر کی فیلڈ سے تعلق ہونا چاہیے۔

درخواست گزار کا مزید مؤقف ہے کہ قاسم علی شاہ سمیت دیگر ممبران کا آرٹ یا کلچر سے کوئی تعلق نہیں۔

درخواست گزار کی استدعا ہے کہ قاسم علی شاہ سمیت ممبر بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائی اور نگراں وزیر اعلیٰ کو دائرہ اختیار سے باہر نکل کر تعیناتیاں کرنے سے روکا جائے۔