شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل سے ونڈسر کاسل میں واقع گھر خالی کرنے کی درخواست

Published On 02 March,2023 10:55 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو ونڈسر کاسل میں واقع گھر فروگمور کاٹیج خالی کرنے کا کہہ دیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شاہ چارلس ہیری کی انتہائی متنازع اورالزامات سے بھری کتاب سامنے آنے پر ناراض ہیں، رواں سال مئی میں شہزادہ چارلس کی تاجپوشی کے بعد جوڑے کو فروگمور کاٹیج خالی کرنا ہو گا۔

فروگمور کاٹیج ملکہ الزبتھ نے جوڑے کو تحفے میں دیا تھا ، بکنگھم پیلس کی طرف سے اس پرکوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب شہزادہ ہیری اور میگھن کے ترجمان نے کہا کہ  ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ڈیوک آف سسیکس سے فروگمور کاٹیج میں اپنی رہائش گاہ خالی کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کی سوانح حیات کی اشاعت کے بعد شاہی خاندان اور شاہی جوڑے کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

شہزادہ ہیری کی کتاب دنیا بھر میں 16 زبانوں میں شائع کی گئی جس میں ہیری نے شاہی خاندان کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے تھے۔