سٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ببو برال کو دنیا چھوڑے 12 برس بیت گئے

Published On 16 April,2023 11:02 am

لاہور: (دنیا نیوز) بے ساختہ جملوں سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے معروف سٹیج اداکار ببوبرال کو دنیا سے رخصت ہوئے 12 برس بیت گئے۔

سٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ ایوب اختر المعروف ببو برال گوجرانوالہ کے قصبے گکھڑ منڈی میں 1959 میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1982 میں گوجرانوالہ سے کیا اور پھر 1984 میں لاہور منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے باغ جناح میں اوپن ایئر تھیٹر میں کام شروع کیا، مزاحیہ اداکار نے سٹیج ڈرامے ”شرطیہ مٹھے‘‘ سے ملک گیر شہرت پائی۔

تین عشروں پر محیط زندگی میں ببوبرال نے بھرپور عروج دیکھا، ببو برال کو لاہور متعارف کرانے میں مرحوم اداکار فخری احمد کا اہم کردار تھا، ببو برال نے ٹوپی ڈراما، شرطیہ مٹھے اور عاشقوں غم نہ کرنا جیسے بے شمار ہٹ ڈراموں میں فن کے جوہر دکھائے۔

اپنی فنی زندگی میں ببو برال نے اداکاری کے علاوہ سٹیج ڈرامے بھی لکھے اور ہدایات کاری بھی کی، انہوں نے 50 کے قریب فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، انھوں نے انڈسٹری کو مجھے چاند چاہیے، نو پیسا نو پرابلم، کڑیوں کو ڈالے دانا، نکی جئی ہاں سمیت کئی ہٹ فلمیں دیں، ان کی آخری فلم 2010 میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ’’چناں سچی مچی‘‘ تھی۔

ببو برال صحت کی خرابی کے باعث 16 اپریل 2011 کو 51 برس کی عمرمیں دنیا فانی سے کوچ کرگئے، منفرد اندازِ اداکاری کی وجہ سے وہ آج بھی اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔