شاہد آفریدی کیساتھ سفر کے دوران انہیں بے حد صابر پایا: نادیہ جمیل

Published On 18 April,2023 11:24 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے ساتھ سفر کیا جس میں انہیں بے حد صابر پایا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اپنے فضائی سفر کی چند تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں اپنی بیٹیوں اور شاہد آفریدی کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نادیہ جمیل نے شاہد آفریدی کے ساتھ فضائی سفر کرنے کے بعد ان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بیٹی کو سنبھالنے پر کرکٹر کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ’آپ کا بہت بہت شکریہ شاہد آفریدی، کہ آپ نے دوران سفر اتنا صبر رکھا اور میری بیٹی کے ساتھ اتنی محبت سے پیش آئے، ماشاللہ‘۔

انہوں نے اپنی بیٹی کے بارے میں مزید لکھا کہ ’دوران پرواز میری بیٹی توانائی سے بھرپور تھی لیکن شاہد آفریدی نے صبر کا مظاہرہ کیا اور اسے اس وقت سنبھالا جب وہ جہاز میں اُچھلتی کودتی ہرطرف دوڑ رہی تھی، انہیں معلوم تھا کہ اس سے کیا کہنا ہے اور اسے کیسے سنبھالنا ہے‘۔

اداکارہ نے شاہد آفریدی کو انتہائی مہربان، جینٹل مین کا لقب بھی دے دیا۔

اداکارہ کے ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے سابق کپتان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ نے اسی وجہ سے ہی انہیں 5 بیٹیوں سے نوازا ہے‘۔