لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی حالیہ آن سکرین مشہور ترین جوڑی یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کی جانب سے کروایا گیا نیا خوبصورت فوٹو سیشن وائرل ہو گیا ہے۔
پاکستان فیشن انڈسٹری میں ڈرامے سے ہٹ ہونے والی مشہور جوڑیوں کا فوٹو سیشن کروانے کی روایت عام ہوتی جا رہی ہے، ڈرامہ سیریل "میرے ہمسفر" کی جوڑی ہانیہ عامر اور فرحان سعید کے بعد اب ڈرامہ سیریل "تیرے بن" کے مرکزی کردار یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کا فوٹو سیشن کیا گیا، نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل "تیرے بن" سے شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچنے والی جوڑی یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کا نیا فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
فی الحال اس جوڑی کا مایوں کی تھیم سے متعلق فوٹو سیشن وائرل ہو رہا ہے جس میں یہ دونوں فنکار ایک ساتھ نہایت خوبصورت نظر آ رہے ہیں۔
آن کیمرہ کیمسٹری میں 100 فیصد نمبر لینے والی جوڑی کے اب فوٹو سیشن نے بھی مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے اور انٹرنیٹ صارفین کو دل تھامنے پر مجبور کر دیا ہے جبکہ اس جوڑی نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ یمنیٰ زیدی اور وہاج علی کی جوڑی ڈرامہ سیریل "تیرے بن" سے مقبول ہو گئی ہے، تیرے بن کے شائقین اور مداحوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔