لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ماڈل و اداکارہ سعیدہ امتیاز نے چرچ میں دعا کے دوران لی گئی تصویر پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔
ماڈل و اداکارہ نے گزشتہ دنوں فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں انہیں چرچ کے اندر دعا مانگتے دیکھا گیا تھا۔
سعیدہ امتیاز کی تصویر سوشل میڈیا پر آئی تو صارفین نے انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا، بہت سے صارفین کی جانب سے یہ خیال پیش گیا کہ اداکارہ مسلمان نہیں بلکہ کرسچن ہیں، جبکہ کچھ مداحوں نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلمان ہونے کے ناطے ان کے اس عمل کو شرک کے مترادف قرار دیا۔
تاہم اداکارہ نے اب اس سب صورتحال کے بعد اپنی خاموشی توڑ دی اور اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔
سعیدہ امتیاز نے وضاحتی بیان میں کہا کہ میں ایک مسلمان ہوں جو محبت اور امن پھیلانے پر یقین رکھتی ہوں، نہ کہ نسل پرستی پر، میں چرچ میں اپنے ایک مسیحی بھائی کے ساتھ گئی تھی بالکل ویسے ہی جس طرح وہ میرے ساتھ ہماری عبادت گاہ مسجد میں جاتا ہے اور عبادت کرتا ہے۔