ممبئی : ( ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ میری نئی فلم ’ ایمرجنسی ‘ ہماری تاریخ کے سب سے اہم اور تاریک ترین بابوں میں سے ایک ہے جس کے بارے میں بھارت کے نوجوانوں کو جاننے کی ضرورت ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ’ ایمرجنسی ‘ رواں سال 24 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
اداکارہ نے فلم کے حوالے سے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ ایک اہم کہانی ہے اور میں آنجہانی ستیش جی، انوپم جیسے اپنے سپر ٹیلنٹڈ اداکاروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہندوستان کی تاریخ کے اس غیر معمولی ایپیسوڈ کو بڑے پردے پر لانے کے لیے پرجوش ہوں۔
فلم میں کنگنا نے ہندوستان کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے جبکہ اس فلم میں آنجہانی ستیش کوشک، انوپم کھیر، شریاس تلپڑے، ماہیما چوہدری اور ملند سومن بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔