لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور اور سینئر اداکار بہروز سبزواری نے بالی ووڈ انڈسٹری میں کام کرنے سے انکار کی وجہ بیان کی ہے۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ مجھے آفر کی گئی انڈین فلم بظاہر پاکستان مخالف تھی اور مجھے اس میں ایک سیاستدان کا کردار نبھانا تھا، تاہم میں نے فلم کرنے سے صاف انکار کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے وطن سے بے حد محبت کرتا ہوں اور اسے بدنام نہیں کرسکتا، پاکستان نے مجھے سب کچھ دیا ہے اور میں اپنے ملک میں ہی جیوں گا اور یہیں مرنا پسند کروں گا۔
بہروزسبزواری نے بتایا کہ ایک مرتبہ میں ایک انڈین ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا کہ معروف بالی ووڈ کامیڈین جونی لیور نے وہاں آکر مجھے گلے لگا لیا، 8 گھنٹے تک میں ان کے ساتھ رہا، انہوں نے مجھے کھانا بھی کھلایا۔