ہیری پوٹر سیریز کے 'پروفیسر ایلبس ڈمبلڈور' 82 برس کی عمر میں چل بسے

Published On 28 September,2023 07:30 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار سرمائیکل گیمبون 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

آئرش اداکار مائیکل گیمبون کو دنیا بھر میں ہیری پوٹر سیریز میں پروفیسر ایلبس ڈمبلڈور کا کردار ادا کرنے کے لیے جانا جاتا ہے، انہوں نے اس سیریز کی 8 میں سے 6 فلموں میں جادوئی سکول کے ہیڈ ماسٹر کا کردار ادا کیا تھا۔

ہیری پوٹر سیریز کی اولین 2 فلموں میں یہ کردار رچرڈ ہیرس نے ادا کیا تھا جن کے انتقال کے بعد مائیکل گیمبون نے ان کی جگہ لی، مائیکل گیمبون کی پیدائش آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں ہوئی تھی اور لندن کے رائل نیشنل تھیٹر سے انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا۔

ان کے خاندان کی جانب سے جاری بیان میں اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نمونیا کے شکار ہوئے تھے، نمونیا سے متاثر ہونے کے بعد وہ ہسپتال میں زیرعلاج رہے، جہاں ان کا انتقال ہوا۔

5 دہائی طویل کیرئیر کے دوران ٹی وی، فلم، تھیٹر اور ریڈیو میں سرگرم رہے اور 4 بافٹا ایوارڈز بھی جیتے، اداکاری کے شعبے میں ان کی خدمات پر انہیں 1998 میں سر کے اعزاز سے نوازا گیا۔