فلم اور ٹی وی کی مایہ ناز اداکارہ نجمہ محبوب کی آج 40 ویں برسی

Published On 06 December,2023 03:46 am

لاہور: (دنیا نیوز) فلم اور ٹی وی کی مایہ ناز اداکارہ نجمہ محبوب کی آج 40 ویں برسی ہے، نجمہ محبوب نے اپنی جاندار اداکاری کی بدولت ٹی وی ڈراموں میں صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوایا۔

اداکارہ نجمہ محبوب 1949ء میں راولپنڈی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے سٹیج ڈراموں سے اداکاری کا سفر شروع کیا اور 1969ء میں ٹیلی ویژن کی طرف آئیں، ان کا پہلا ڈرامہ ’’ہاتھی دانت‘‘ تھا جو پی ٹی وی لاہور سے نشر ہوا، نجمہ محبوب نے ٹی وی پر متعدد سیریلز اور ڈراموں میں کام کیا، انہوں نے کئی فلموں میں بھی یادگار کردار نبھائے۔

نجمہ محبوب نے ٹی وی کے بعد فلم نگری میں قدم رکھا اور بڑے پردے پر 79 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کی پہلی فلم ’’خلش‘‘ تھی جبکہ’’نازک رشتے‘‘ ان کی آخری فلم ثابت ہوئی، یہ فلم 1987ء میں ریلیز کی گئی، نجمہ محبوب کی مشہور فلموں میں سلطانہ ڈاکو، ان داتا، ٹھگاں دے ٹھگ، غازی علم الدین شہید اور سالا صاحب شامل ہیں۔

اداکارہ نجمہ محبوب لاہور میں ایک پنجابی فلم ’’رکشہ ڈرائیور‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ٹرین تلے آ کر جاں بحق ہو گئی تھیں۔
 

Advertisement