لاہور:(ویب ڈیسک) خوبرو پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے شو اسٹاپرز کیلئے تیار ملبوسات پر ڈیزائنرز کو کھری کھری سنا دیں۔
اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے تمام فیشن ڈیزائنرز پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے ڈیزائنرز کا بھی لاجواب قانون ہے۔
کبریٰ نے ڈیزائنرز کو مخاطب کرتے ہوئے التجا کی کہ جب آپ اپنے ڈریس کی نمائش کیلئے کسی شو اسٹاپر کو مقرر کریں تو خدارا ان کیلئے ایک الگ مخصوص لباس تیار کروائیں جو ان کی لمبائی اور وزن کے مطابق ہو یا پھر کسی شخص کو اسے فٹ کرنے پر مامور رکھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر شو اسٹاپرز اس لباس میں غیر آرام دہ محسوس کریں گی تو آپ کا لباس بھی ٹھیک سے نمایاں نہیں ہوگا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر سیلیبریٹیز کو ٹرولنگ کا نشانہ بنانے کے رواج کے خاتمے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا سیلیبریٹیز پر تنقید کے بجائے ڈیزائنر کو کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔