لاہور: (ویب ڈیسک) فلم سٹار ریما خان نےمعروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی اور اُن کےبیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر اظہارِ تعزیت بھی کی۔
ریما خان نے حال ہی میں مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی جس کی تصویر اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی اور ساتھ ہی کیپشن میں ایک نوٹ بھی لکھا، جس میں اداکارہ نے لکھا کہ محترم مولانا طارق جمیل صاحب سے ان کے بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر تعزیت کرنے کے لیے ملاقات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران مولانا صاحب اور ان کے اہلخانہ نے مجھے جو سبق دیا وہ یہ تھا کہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ کے سامنے سر جھکانا چاہیے اور اللہ کی مرضی پر راضی ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا،ڈی ایس پی میاں چنوں سلیم مارتھ کے مطابق عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی مار کر خود کشی کی تھی، وہ طویل عرصے سے ذہنی امراض کا شکار تھے۔