کراچی: (رطابہ عروس) زندگی بھر قہقہے بکھیرنے والے ہر دلعزیز فنکار معین اختر کا آج 73 واں یوم پیدائش ہے۔
لاجواب ڈائیلاگ ڈلیوری اور ہر کردار میں حقیقت کا رنگ بھر دینے کا فن رکھنے والے معین اختر 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ٹی وی ڈرامے ہوں یا پھر سلور سکرین معین اختر نے ہر جگہ اپنی لازوال اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے۔
ڈرامہ سیریل ’روزی‘ میں وہ اپنے فن کی بلندیوں پر نظر آئے، ان کے مشہور ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی، ہاف پلیٹ اور عید ٹرین جیسے بے مثال ڈرامے شامل ہیں۔
سٹیج شوز کی بات کی جائے تو معین اختر کا ڈنکا نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دنیا بھر میں بجا، بڈھا گھر پر ہے، یس سر عید نو سر عید، بے بیا معین اختر اور بکرا قسطوں پر آپ کے یادگار سٹیج شوز ہیں۔
معین اختر 22 اپریل 2011 کو اپنے کروڑوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کر گئے مگر ان کے نبھائے گئے کردار آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔