میرے کیریئر میں آصف رضا میر کا بہت اہم کردار ہے: عائزہ خان

Published On 24 December,2023 06:11 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) خوبرو پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے کہا ہے کہ میرے کیریئر میں آصف رضا میر کا بہت اہم کردار ہے۔

ان دنوں عائزہ خان ساتھی اداکار حمزہ علی عباسی کے مدِ مقابل ڈراما  جانِ جہاں  میں جلوہ گر ہیں اور اس ڈرامے کی اب تک دو اقساط نشر کی جاچکی ہیں۔

اس قسط کے بعد عائزہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر جاری کی جس میں وہ آصف رضا میر کے ساتھ ڈرامے کی لُک میں ہی نظر آرہی ہیں۔

پوسٹ کے کیپشن میں عائزہ خان نے لکھا کہ   میں آپ سب سے ایک بہت دلچسپ بات شیئر کرنا چاہتی ہوں، میں اس تصویر میں ایک ایسے شخص کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہوں جو ناصرف ماہ نور پر یقین رکھتا ہے بلکہ عائزہ خان کے کیریئر میں بھی ایک بہت اہم کردار کا حامل ہے ۔

عائزہ نے لکھا کہ   ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران آصف رضا میر نے میری والدہ سے کہا تھا کہ اگر آپ اس کو اجازت دیں تو یہ لڑکی اداکاری کی دنیا میں تہلکہ مچادے گی۔

انہوں نے لکھا کہ مجھے میرا پہلا پراجیکٹ صندل ملا جبکہ تم جو ملے آن ایئر ہونے والا پہلا پراجیکٹ تھا۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ   شکریہ آصف انکل مجھ میں وہ دیکھنے کیلئے جو میں خود نہ دیکھ سکی، آپ کا یقین اور پُراعتمادی میرے لیے بے حد قیمتی ہے، ہمیں آپ سے پیار ہے ۔