لاہور: (ویب ڈیسک) فلم ڈائریکٹر اور اداکار سرمد کھوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا نام ستارہ امتیاز کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے جو انہیں کل 23 مارچ کو وصول کرنا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست 2023 میں یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 304 پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو اعزازات کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
اعزازت دینے کی تقریب کل 23 مارچ کو منعقد ہو گی، فلم ڈائریکٹر سرمد سلطان کھوسٹ سمیت 50 کے قریب افراد کو ستارہ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم تقریب سے ایک روز قبل سرمد کھوسٹ نے انسٹا گرام سٹوری پر ستارہ امتیاز کے ناموں کی ایک فہرست شئیر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ "میرا نام صدارتی ایوارڈز کی 14 اگست 2023 کی فہرست سے غائب ہے"۔
انہوں نے لکھا کہ "جن لوگوں نے مجھے گزشتہ سال مبارک بادی دی تھیں وہ اپنی مبارک باد واپس لے لیں"۔
سرمد کھوسٹ نے لکھا کہ "بھائی! یہ لسٹ میں نے خود تو نہیں بنائی تھی اور جہاں تک مجھے یاد ہے کہ حتمی فہرسٹ 14 اگست کو جاری کی گئی، یہ فہرست حتمی ہوتی ہے جب تک کہ وصول کنندہ ایوارڈ قبول کرنے سے انکار نہ کردے"۔
یاد رہے کہ فلم انڈسٹری میں جن دیگر لوگوں کو اعزاز دیا جائے گا ان میں عدنان صدیقی، زبیدہ (نغمہ)، حسن عسکری، نصیر بیگ مرزا (مصنف، پروڈیوسر)، عجب خان (خطاط، مصور) اور باقر عباس (بانسری بجانے والے) شامل ہیں۔