سکیورٹی خدشات: سلمان خان فائرنگ کے واقعے کے بعد دبئی روانہ

Published On 19 April,2024 10:13 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان اپنی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سخت سیکیورٹی میں دبئی روانہ ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان آج صبح ممبئی سے دبئی روانہ ہوئے ہیں جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان اپنے باڈی گارڈ شیرا سمیت دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ ایئرپورٹ پہنچے۔

اس موقع پر سلمان خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو نہیں کی، تاہم، اُنہوں نے دور سے صحافیوں کو ہاتھ کے اشارے سے ‘ہیلو’ کہا، سلمان خان کے یوں اچانک دبئی جانے کی وجہ سامنے نہیں آسکی لیکن فائرنگ کے واقعے کے بعد اداکار کو دیکھ کر اُن کے مداح خوش ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔