بھارتی اداکار دھنوش اور ایشوریا کا طلاق کیلئے عدالت سے رجوع

Published On 11 April,2024 09:05 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی تامل فلم انڈسٹری کے سپر سٹار دھنوش اور ان کی سابقہ اہلیہ ایشوریا نے طلاق کیلئے باضابطہ طور پر عدالت سے رجوع کر لیا۔

انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار و ہدایت کار دھنوش اور رجنی کانت کی بیٹی و ہدایت کار ایشوریا نے حال ہی میں چنئی فیملی کورٹ میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

جوڑے کے قریبی ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ دھنوش اور ایشوریا نے باہمی رضامندی سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دھنوش اور ایشوریا نے 2004 میں شادی کی تھی اور جوڑے کے دو بیٹے ہیں۔

تاہم 18 سال ساتھ رہنے کے بعد دھنوش اور ایشوریا نے جنوری 2022 میں علیحدگی کا اعلان کیا تھا، اس وقت ان کا یہ فیصلہ ان کے مداحوں کے لیے بہت بڑا صدمہ تھا کیوں کہ اس جوڑی کو فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین جوڑی کہا جاتا تھا۔