ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے عندیہ دیا ہے کہ وہ لوک سبھا الیکشن میں کامیابی کے بعد فلم انڈسٹری چھوڑ دیں گی۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں کنگنا نے لوک سبھا الیکشن کے بعد بالی ووڈ کو خیرباد کہنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات کے بعد فلموں سے مکمل کنارہ کشی اختیار کرلیں گی۔ اداکارہ نے ہندی فلم انڈسٹری کو فیک بھی قرار دیا ہے۔
37 سالہ کنگنا رناوت سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اپنے حلقے سے الیکشن جیتنے کے بعد بالی ووڈ کو چھوڑ دیں گی؟ جس کے جواب میں انہوں نے ہاں کہتے ہوئے کہا کہ فلمی دنیا جھوٹ ہے اور وہاں کی ہر چیز جعلی ہے۔ فلم انڈسٹری کے لوگ ایک مختلف ماحول بناتے ہیں، یہ سب ایک بلبلے کی طرح چمکیلی دنیا ہے جو سامعین کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔
بالی ووڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت پہلی مرتبہ اپنے ہوم ٹاؤن مندی سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے لوک سبھا الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں اور آج کل اپنی الیکشن مہم چلانے میں مصروف نظر آرہی ہیں۔
انہوں نے لوک سبھا کی سیٹ کے لیے ریاست ہماچل پردیش سے بی جے پی کے ٹکٹ پر گزشتہ دنوں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔