شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خان کا یوم پیدائش کل منایا جائے گا

Published On 12 October,2024 01:49 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہنشاہ قوالی اورکلاسیکل موسیقی کے بےتاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی خان کا یوم پیدائش کل اتوار 13 اکتوبر کو منایا جائے گا۔

فیصل آباد کے معروف گھرانے سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ ممتاز قوال و موسیقار استاد نصرت فتح علی خان13 اکتوبر 1948ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے اور صرف 16 سال کی عمر میں صوفی قوالی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

نصرت فتح علی کی مشہور قوالیوں میں دم مست قلندر مست، علی مولا علی، یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے، میرا پیا گھر آیا، اللہ ہو اللہ ہو، کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا، اکھیاں اڈیک دیاں، کسی دا یار نا وچھڑے، میرا پیا گھر آیااور میری زندگی وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے یادگار غزلوں اور گیتوں کے ساتھ ملی نغمے بھی پیش کئے، شہنشاہ قوال نصرت فتح علی نے بین الاقوامی سطح پر قوالی کومتعارف کرایا اور بین الاقوامی سطح پر ان کا پہلا شاہکار 1995ء میں ریلیز ہونے والی فلم”ڈیڈ مین واکنگ“ تھا۔

انہوں نے ہالی ووڈ کی ایک اور فلم ”دی لاسٹ ٹیم پٹیشن آف کرائسٹ“ کی موسیقی بھی ترتیب دی، اس کے علاوہ انہوں نے قوالی کے حوالہ سے متعدد کتب تحریر کیں، جاپان میں 1992ء میں شہنشاہ قوالی کے نام سے کتاب بھی شائع کی گئی اورانہیں گانے والے بدھا کے لقب سے نوازا گیا۔

استاد نصرت فتح علی خان جگر اور گردوں کے عارضہ کے باعث 16 اگست 1997ء کو لندن کے ہسپتال میں اس دار فانی سے کوچ کر گئے، استاد نصرت فتح علی خان کی سالگرہ کے حوالہ سے شوبز انڈسٹری سمیت مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور ان کی خدمات پر خراج تحسین کیا جائے گا۔