لاہور: (فہیم حیدر) پاکستان شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت و معروف اداکارہ صبا حمید نے کہا ہے کہ مجھے آج تک محبت کی تعریف سمجھ نہیں آئی، اس لیے محبت پر یقین نہیں ہے۔
حال ہی میں معروف اداکارہ صبا حمید دنیا نیوز کے مقبول پروگرام "مذاق رات" میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات سمیت محبت سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یک طرفہ محبت سے متعلق سوال پر اداکارہ نے جواب دیا کہ مجھے محبت پر یقین نہیں، آج تک محبت کا تصور ہی سمجھ نہیں آیا۔
صبا حمید کے مطابق عام طور سے 16 سے 25 سال کے درمیان 2 افراد ایک دوسرے سے متاثر ہوتے ہیں تو اسے محبت کا نام دے دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے زمانے میں اگر کسی کو محبت نہیں ملتی تھی تو لگتا تھا کہ مر جانا چاہیے کہ زندگی کا اب کوئی مقصد نہیں رہا جبکہ اس معاملے میں آج کل کے بچے زیادہ سمجھ دار ہیں کہ اگر محبت نہیں ملی تو کوئی بات نہیں آگے بڑھ جاؤ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں کسی رشتے میں اگر محبت سے زیادہ کسی چیز کی اہمیت ہے تو وہ عزت کی ہے، مجھے محبت کی تعریف نہیں پتا، کس چیز کو محبت کہتے ہیں کبھی یہ سمجھ نہیں آیا۔