لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ نوال سعید نے کہا ہے کہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں، شادی کے حوالے سے فیصلہ گھر والے کریں گے۔
حال ہی میں اداکارہ نوال سعید نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی، کیریئر اور شادی سے متعلق کھل کر اظہار خیال کیا۔
نجی زندگی سے متعلق بات کرتےہوئے نوال نے بتایا کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئیں ، ان کے والد کو موسیقی سے شغف تھا، وہ دو بہنیں اور ایک بھائی ہے جبکہ بھائی کی عمر ان سے کافی کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تو پہلے موسیقی سے ہی آغاز کیا تاہم موسیقی میں اپنے کیریئر کو برقرار نہیں رکھ سکی، اس کے بعد میں نے ایک ایجنسی میں آڈیشن دیا اور منتخب ہونے کے بعد ماڈلنگ شروع کی اور پھر بعد ازاں اداکاری شروع کردی۔
محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نوال نے انکشاف کیا کہ انہیں رومانوی ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار سے محبت ہو گئی تھی جو وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہو گئی تاہم انہوں نے اس ساتھی اداکار کا نام نہیں بتایا۔
شادی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نوال سعید کا کہنا تھا کہ فی الحال میرا شادی کا کوئی ارادہ نہیں، ابھی غیر شادی شدہ زندگی کے مزے لے رہی ہوں، شادی کا فیصلہ گھر والوں پر چھوڑ دیا ہے ، جب بھی شادی کی مداحوں اور عوام کو آگاہ کروں گی۔