فرحان اور عروہ کی پہلی بار علیحدگی کے حوالے سے خبروں پر لب کشائی

Published On 17 February,2025 02:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی عروہ حسین او ر فرحان سعید نے پہلی بار علیحدگی کے حوالے سے گردش کرنیوالی خبروں پر لب کشائی کردی۔

حال ہی میں اداکار فرحان سعید اپنی اہلیہ عروہ حسین کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

پوڈ کاسٹ کے دوران میزبان نے دونوں سے ان کے درمیان علیحدگی کے حوالے سے گردش کرنیوالی خبروں بارے سوال پوچھا جس پر فرحان سعید نے ان خبروں کی تصدیق کی۔

فرحان سعید کا کہنا تھا کہ ہماری شادی میں ایک مشکل وقت آیا تھا جب ہمارا رشتہ ایک تکلیف دہ دور سے گزر رہا تھا تاہم دنوں خاندانوں نے ہمارا ساتھ دیا ، ہماری رہنمائی اور مدد کی، ہر رشتے میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں مگر ہم نے ایک دوسرے کو وقت دیا اور ایک مرتبہ پھر سب کچھ بھلا کر ایک ساتھ جڑ گئے۔

اداکار جوڑی نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ اپنے ہمسفر کی عزت کریں اور اپنا معاملہ آپس میں بات چیت سے سلجھائیں، کسی کے سامنے اپنے ساتھی کی برائی کرنے سے گریز کریں کیونکہ پیٹھ پیچھے بات کرنا کسی بھی رشتے کو مشکل میں ڈال سکتا ہے۔

اس موقع پر عروہ حسین نے کہا کہ ہم دونوں کے درمیان ناراضگی ضرور تھی لیکن اس باوجود ہم دونوں نے ایک دوسرے کا احترام کیا جس وجہ سے ہی ہم دوبارہ ایک ہوگئے۔

عروہ حسین کا مزید کہنا تھا کہ جوڑے ایسی صورتحال کے بعد جب دوبارہ ایک ہوجاتے ہیں تو انہیں اپنی غلطیوں کا احساس بھی ہوجاتا ہے اور وہ پہلے سے زیادہ سمجھدار اور مضبوط بن جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ عروہ اور فرحان دسمبر 2016 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، بعدازاں 2020 کے اختتام میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں لیکن دونوں میں سے کسی نے اس پر براہ راست کوئی لب کشائی نہیں کی تھی۔