اسلام آباد : (دنیا نیوز) پاکستان کے کھلاڑیوں اور فنکاروں نے بھارت کے پہلگام فالز فلیگ آپریشن، بے بنیاد الزامات اور جارحانہ اقدامات کو رد کر دیا۔
اپنے واضح پیغام میں ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کی بلا جواز الزام تراشی نے خطے کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، بھارت کے ان بے بنیاد الزامات کو ہم رد کرتے ہیں، ملکی سالمیت کیلئے پوری پاکستانی قوم، افواج یکجا اور متحد ہیں۔
سینئر اداکار سید محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایسا پراپیگنڈا اور منفی کھیل رچایا کہ وہ خود رسوا ہو گیا، اگر ہمارے ازلی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم سب متحد ہو کر اس کا جواب دیں گے۔
اداکار منیب بٹ نے کہا کہ بھارت بغیر کسی ثبوت کے الزام پاکستان پر لگا رہا ہے، بھارتی عوام کو اپنی حکومت سے یہ سوال پوچھنا چاہئے کہ بھارتی فوج کی بڑی تعداد کے باوجود اتنا بڑا حملہ کیسے ہو گیا؟ ہم افواج پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
اپنے بیان میں اداکار جمال شاہ اور اداکارہ سیمی راحیل کا کہنا ہے کہ مودی پلوامہ اور پہلگام جیسے جعلی حملے کروا کر محض لوگوں کے دل میں نفرت پیدا کر رہا ہے، پہلگام ہماری سرحد سے 300 کلومیٹر دور ہے ، یہ حملہ بھارت کے 9 لاکھ فوجیوں کی ناکامی ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ ہم اپنی حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، نامور شخصیات کا افواج پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی قومی اتحاد کی علامت ہے۔