کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکارفیصل قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کیلئے نفرت یکطرفہ ہے جبکہ بھارتی فنکار خود بھی شرمندہ ہیں۔
فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران پاک بھارت تعلقات،بھارتی فلموں کی پاکستان میں ریلیز، اور بھارت کی جانب سے اختیار کئے گئے نفرت انگیز رویے پر تفصیل سے بات کی، انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے لیے نفرت کا رویہ یکطرفہ ہے، جبکہ پاکستانی فنکار ہمیشہ فن، محبت اور امن کے حامی رہے ہیں۔
فیصل قریشی نے بھارتی فلم انڈسٹری اور مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فلموں اور سیریز میں بلاوجہ پاکستان مخالف مواد شامل کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کے ذہنوں میں نفرت بھرنا ہے، انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایک سیریز میں ریلیز سے قبل پاکستان مخالف مواد شامل کروایا گیا۔
فیصل قریشی نے بتایا کہ ان کے بھارتی دوست خود اس منفی پراپیگنڈے پر شرمندہ ہیں اور تسلیم کرتے ہیں کہ بھارت میں تاریخ کو مسخ کر کے توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے تاکہ نئی نسل کو تعصب کی راہ پر لگایا جا سکے۔