لاہور: (ویب ڈیسک) شہر بھر کے تمام تھیٹرز کو ڈرامہ اوقات کی پابندی نہ کرنے پر انتظامیہ کی جانب سے نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق متعدد تھیٹرز فرنٹ لائن لائٹس بند کرکے خفیہ طور پر ٹکٹوں کی فروخت جاری رکھتے ہیں اور رات گئے تک ڈرامے پیش کئے جاتے ہیں، شالیمار تھیٹر، کمال تھیٹر سمیت دیگر مقامات پر اوقات کار کی کھلی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کئی تھیٹرز میں رات 11 بجے سے 1 بجے تک سی سی ٹی وی کیمرے آن رکھے جاتے ہیں تاہم ایک بجے کے بعد کیمرے بند کر دیئے جاتے ہیں، ان اوقات کے بعد متعلقہ افسران ’’سب اچھا‘‘ کی رپورٹ دے دیتے ہیں جس سے خلاف ورزیوں پر پردہ پڑا رہتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام تھیٹر مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ ڈرامہ اوقات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور آئندہ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔