موبائل فون نے انسانوں کو ایک دوسرے سے دور کر دیا: حنا خواجہ بیات

Published On 30 July,2025 12:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے کہا ہے کہ موبائل فون نے انسانوں کو ایک دوسرے سے دور کر دیا، چار لوگ ایک جگہ بیٹھے ہوتے ہیں لیکن سب اپنے اپنے موبائل فون میں مصروف ہوتے ہیں۔

معروف اداکارہ حنا خواجہ بیات نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق کئی دلچسپ باتیں شیئر کیں۔

اپنے فنی سفر کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ کبھی بھی اداکارہ بننے کا نہیں سوچتی تھیں، کالج کے زمانے میں اشتہارات کی پیشکش ہوتی تھی لیکن والد صاحب اجازت نہیں دیتے تھے۔

بعد ازاں سلطانہ صدیقی کے اصرار پر انہوں نے ایک ڈرامے میں کام کیا اور وہیں سے ان کے کیریئر کی شروعات ہوئی۔

سوشل میڈیا کے استعمال پر انہوں نے کہا کہ لوگ وہاں دوسروں کی ذاتیات پر کیچڑ اچھالتے ہیں، جو کسی طور درست نہیں، اداکار بھی حساس ہوتے ہیں اور ایک لمحے کے لیے ہی سہی انہیں تنقید ضرور محسوس ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی اداکاری پسند نہیں آتی تو فنی تنقید کریں لیکن ذاتی زندگی یا خاندان کو نشانہ نہ بنائیں۔

حنا خواجہ بیات نے یہ بھی کہا کہ موبائل فون نے انسانوں کو ایک دوسرے سے دور کر دیا ہے، چار لوگ ایک جگہ بیٹھے ہوتے ہیں لیکن سب اپنے اپنے موبائل فون میں مصروف ہوتے ہیں، آپس میں بات نہیں کرتے بلکہ ایک دوسرے کو پیغام بھی موبائل پر بھیجتے ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ موبائل کا استعمال ضرور کریں لیکن اسے خود پر حاوی نہ ہونے دیں ورنہ یہ ایک بیماری بن جاتی ہے۔

حنا خواجہ بیات نے ماضی کے خاندانی ماحول پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مہمانوں کا دل سے استقبال کیا جاتا تھا، اب لوگ مہمانوں کو بوجھ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر کا ماحول ہمیشہ خوشگوار رہا ہے جہاں مہمانوں کا کھلے دل سے استقبال کیا جاتا تھا، مہمانوں کے آنے پر خوشی محسوس کی جاتی تھی اور ان کے قیام کا باقاعدہ انتظام کیا جاتا تھا۔

تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں یہ روایات تقریباً ختم ہو چکی ہیں، اب اگر کوئی مہمان آجائے تو گھر والوں کو پریشانی ہونے لگتی ہے کہ بچوں کی پڑھائی متاثر نہ ہو یا دیگر معمولات میں خلل نہ آئے۔