اداکارہ منزہ عارف کا نئے شادی شدہ جوڑوں کو جلد بچے پیدا کرنے کا مشورہ

Published On 10 August,2025 11:31 am

لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ منزہ عارف نے نئے شادی شدہ جوڑوں کو جلد بچے پیدا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمر ڈھلنے کے بعد بچے پیدا کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، جن سے نوجوان بے خبر ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خواتین میں ہونے والی طبی پیچیدگیوں، مسائل اور شادی شدہ جوڑوں کے رویوں پر بھی بات کی۔

اداکارہ منزہ عارف کا کہنا تھا کہ ان کی دادی اور والدہ کا تعلق اس زمانے سے تھا جب ہر کسی کو خالص غذا دستیاب ہوتی تھی، وہ خالص غذا کھاتے تھے لیکن نئی نسل کا تعلق ایسے دور سے ہے جب غذا خالص نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل ڈرنکس اور تیار شدہ غذاؤں پر زیادہ انحصار کرنے لگی ہے، جس وجہ سے طبی پیچیدگیاں بھی ہوتی ہیں۔

منزہ عارف کے مطابق طبی ماہرین کہتے ہیں کہ جو شخص 20 سال کی عمر کے دوران اپنی خوراک اچھی رکھے گا، اسے 40 سال کی عمر کے بعد فائدہ ہوگا، ہر کسی کو اپنی صحت اور خوراک کا خیال رکھنا ہوگا۔

سینئر اداکارہ نے وقت اور عمر کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے شادی شدہ جوڑوں اور خصوصی طور پر لڑکیوں کو جلد بچے پیدا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں کیریئر اور اپنی زندگی کے مزے لوٹنے کے بہانے جلد بچے پیدا کرنے سے گریز کرتی ہیں لیکن ایسا کرنے سے بہت تاخیر ہو چکی ہوتی ہے۔

منزہ عارف نے مزید کہا کہ عمر ڈھلنے اور وقت گزرنے سے پہلے لڑکیوں کو بچے پیدا کرنے چاہیے، وقت گزر جانے کے بعد بہت مسائل ہوتے ہیں، پیدا ہونے والے بچے بھی صحت مند نہیں ہوتے جبکہ حمل ٹھہرنے میں بھی مشکلات آتی ہیں۔