گلوکارہ صنم ماروی اور احمد شاہ نے غلط فہمیاں دور کر کے صلح کر لی

Published On 19 August,2025 11:35 am

کراچی: (ویب ڈیسک) نامور گلوکارہ صنم ماروی اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ کے درمیان تنازع ختم ہوگیا، دونوں نے ایک دوسرے کی غلط فہمیاں دور کر کے صلح کر لی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل صنم ماروی نے احمد شاہ کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے ان سے ایک ہفتے کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا، دوسری صورت میں انہیں ہرجانہ ادا کرنے اور فوجداری مقدمات کے سامنے کیلئے تیار رہنے کی دھمکی دی تھی۔

صنم ماروی کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں انہوں نے احمد شاہ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے 10 اگست کو سکھر میں سندھ حکومت کے منعقد کردہ پروگرام میں گلوکارہ کی توہین کی۔

گلوکارہ نے اپنے نوٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ احمد شاہ نے انہیں دھکے دیئے، ان کیلئے نامناسب زبان استعمال کی اور انہیں دھمکیاں تک دیں، جس سے ان کی توہین ہوئی اور انہیں ذہنی طور پر صدمہ پہنچا۔

احمد شاہ نے صنم ماروی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے توہین کی، نہ دھمکیاں دیں، تاہم اب دونوں کے درمیان وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ اور لکھاری نور الہدی شاہ نے صلح کروا دی ہے اور دونوں نے ایک دوسرے کو معاف کر دیا ہے۔

وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے اپنے فیس بک پر ویڈیو شیئر کی، جس میں احمد شاہ نے صنم ماروی سے بالواسطہ معذرت کی اور کہا کہ ان کے درمیان جو بھی اختلافات تھے، وہ ختم ہوگئے، صنم ماروی ان کیلئے چھوٹی بہن اور بیٹی جیسی ہے، ان کے درمیان کئی سال سے اچھے تعلقات ہیں، دونوں کے درمیان غلط فہمی کی بنیاد پر مسائل ہوئے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے سٹاف کے نامناسب رویے کی وجہ سے گلوکارہ کو تکلیف پہنچیں لیکن اب کے درمیان اختلافات ختم ہو چکے ہیں۔

صنم ماروی نے بھی سندھی زبان میں کہا کہ ان کے اور احمد شاہ کے درمیان گلے شکوے ختم ہوگئے، سید ذوالفقار علی شاہ اور نور الہدیٰ شاہ نے اہم کردار ادا کیا، سندھ کی روایات کے مطابق انہوں نے اپنے تمام الزامات واپس لے لئے، وہ سندھ کے عوام کی شکر گزار ہیں۔