شوٹ کے دوران مغربی طرزکے لباس میں نماز پڑھنے پر تنقید کا نشانہ بن چکی ہوں: یشما گل

Published On 30 September,2025 10:52 pm

کراچی :(دنیا نیوز) اداکارہ یشما گل نے کہا ہے کہ ایک بار انہوں نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران وقفہ لے کر مغربی طرز کے لباس میں ہی نماز پڑھی تو سیٹ پر موجود ایک اداکارہ نے انہیں ٹوکا اور سوال اٹھایا کہ ان کی نماز کیسے ہوگی؟

 یشما گل نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے میڈیا میں کام کرنے والوں اور خصوصی طور پر اداکاروں کو مذہبی رجحانات رکھنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے معاملے پر بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ اداکاروں کے حوالے سے عام لوگوں میں غلط تاثر پایا جاتا ہے کہ اداکار اچھے لوگ ہوتے ہیں، انہیں لگتا ہے کہ جب سے انہوں نے اداکاری میں کام کرنا شروع کیا ہے، تب سے وہ بہتر بن گئی ہیں اور گزرتے دن کے ساتھ وہ بہتر ہوتی جا رہی ہیں۔

یشما گل کا کہنا تھا کہ اداکار صرف کیمرے کے پیچھے عارضی وقت کے لیے گلیمر ہوتے ہیں، عام طور پر وہ ایسے نہیں ہوتے بلکہ وہ دوسروں سے اچھے اور مذہبی ہوتے ہیں، اداکاروں کو گدھوں کی طرح 12 سے 14 گھنٹے تک کام کروایا جاتا ہے، کام کرنے کی وجہ سے وہ اچھے انسان بن گئے ہیں۔

اداکارہ نے شکوہ کیا کہ میڈیا یا شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کی وجہ سے وہاں کے لوگوں کو مذہبی رجحان رکھنے پر مشکوک نظروں سے دیکھا جاتا ہے، انہیں ان کے عقائد پر ٹوکا جاتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایک بار ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ہدایت کار سے نماز کے لیے وقفہ مانگا، انہوں نے مغربی طرز کا لباس پہن رکھا تھا، نماز پڑھ کر واپس آنے پر ڈرامے کی کاسٹ میں شامل ایک جونیئر اداکارہ نے انہیں کہا کہ بیٹا آپ نے مغربی لباس پہن رکھا ہے، آپ کی نماز کیسے ہوگی؟

پشما گل  کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے خاتون کو کوئی جواب نہیں دیا لیکن بتایا کہ ایسے افراد کو سمجھنا چاہیے کہ کسی کی عبادت قبول کرنا یا نہ کرنا ان کا کام نہیں۔