پرچی سسٹم کے باعث کئی اچھے کردار ہاتھ سے نکل گئے: سارہ عمیر

Published On 30 September,2025 03:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ماضی کی معروف اداکارہ سارہ عمیر نے کہا ہے کہ شوبز میں پرچی سسٹم اس قدر مضبوط ہے کہ کئی بار بہترین کردار ملنے کے باوجود انہیں کسی اور کو دے دیا جاتا ہے۔

سارہ عمیر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کے حوالے سے کئی انکشافات کئے۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھیں تو انہیں بالی ووڈ فلم کی پیشکش ہوئی تھی، یہ آفر ایورریڈی پروڈکشن کے ذریعے کی گئی تھی اور ان کے مطابق انہیں شوبز میں متعارف کرانے میں بھی ایورریڈی کا بہت بڑا کردار ہے کیونکہ ان کا پہلا پروجیکٹ بھی اسی پروڈکشن کے ساتھ تھا۔

سارہ عمیر کا کہنا تھا کہ اس وقت ایورریڈی اور بالی ووڈ کے درمیان مشترکہ پروجیکٹس بنائے جا رہے تھے اور یہ بھی اسی قسم کا پروجیکٹ تھا، ان دنوں اداکارہ میرا کی بھی مہیش بھٹ کی فلم ریلیز ہوئی تھی، جس کے ڈائریکٹر ہی پاکستان کے ساتھ مشترکہ پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔

ان کے مطابق وہ اس پروجیکٹ کا حصہ نہیں بن سکیں کیونکہ فیملی نے اجازت نہیں دی تھی لیکن اگر ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو وہ کبھی اس پیشکش کو رد نہ کرتا۔

اداکارہ نے کہا کہ ایک اور وجہ یہ بھی تھی کہ اس وقت وہ اور ان کی والدہ بہت ڈرے سہمے رہتے تھے کیونکہ وہ انڈسٹری میں بالکل نئی تھیں، یہاں کے حالات کا بھی زیادہ اندازہ نہیں تھا تو بھارت کے بارے میں کیسے اندازہ ہوتا، اسی خوف کے باعث وہ اس پیشکش پر کچھ کہہ نہیں سکیں۔

سارہ عمیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی بار بہت اچھے کردار کی آفر ملتی ہے لیکن ہمارے یہاں کچھ چینلز اور پروڈکشن ہاؤسز ایسے ہیں جہاں اوپر سے پرچی کسی اور کی آ جاتی ہے اور وہ موقع ہاتھ سے نکل جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس سب کو اللہ کی رضا سمجھ کر اور یہ سوچ کر نظر انداز کر دیتی ہیں کہ شاید سامنے والا ان سے زیادہ ضرورت مند ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کئی ایسی اداکارائیں موجود ہیں جنہیں اداکاری نہیں آتی، لیکن ان کی پرچی بہت طاقتور ہے، اسی لئے انہیں کام ملتا ہے، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں بتایا۔