ٹیلر سوئفٹ کو ہراسانی کا سامنا، سکیورٹی مزید سخت

Published On 26 September,2025 01:15 pm

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاپ سٹار ٹیلر سوئفٹ نے اپنی جان کو درپیش حقیقی خطرات کے پیش نظر سکیورٹی کے انتظامات میں نمایاں اضافہ کر دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ اقدامات محض تشہیر یا شہرت کے لیے نہیں بلکہ ایک مبینہ سٹاکر برائن جیسن ویگنر کے سنگین خطرے کے باعث کیے گئے ہیں جس کے خلاف گلوکارہ نے عدالت سے عارضی پابندی حاصل کر رکھی ہے۔

حالیہ ہفتوں میں ٹیلر سوئفٹ کے غیر معمولی رویے نے مداحوں میں تجسس پیدا کیا تھا، جب انہوں نے ایروہیڈ سٹیڈیم میں بلٹ پروف سکرین کے پیچھے داخلہ لیا، ابتدا میں اسے کسی نئے البم یا اعلان کا حصہ سمجھا گیا لیکن قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ یہ دراصل سکیورٹی کے انتہائی اقدامات تھے جو ممکنہ خطرے کے پیش نظر اٹھائے گئے۔

ذرائع کے مطابق ٹیلر سوئفٹ سٹاکر کی خطرناک حرکات کی وجہ سے شدید تشویش کا شکار ہیں، ان کی سکیورٹی ٹیم مسلسل الرٹ ہے اور اگر کوئی سنگین خطرہ محسوس ہو تو فوری طور پر پروموشنل پلانز میں تبدیلی کی جاتی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویگنر پر الزام ہے کہ وہ 2024 کے وسط سے سوئفٹ کا پیچھا کر رہا ہے، حتیٰ کہ اس نے ان کے لاس اینجلس والے گھر میں ناجائز طریقے سے داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ٹیلر سوئفٹ کو اس قسم کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا ہے، ماضی میں بھی انہیں متعدد بار سٹاکرز کی جانب سے ہراساں کیا جا چکا ہے، موجودہ صورت حال نے ان کی نجی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے باعث انہیں اپنے روزمرہ کے معمولات اور پیشہ ورانہ مشاغل میں بھی تبدیلیاں کرنی پڑ رہی ہیں۔

سکیورٹی ماہرین کے مطابق اس قسم کے معاملات میں احتیاط انتہائی ضروری ہے، خاص طور پر جب مشہور شخصیات کی جان کو حقیقی خطرہ لاحق ہو، ٹیلر سوئفٹ کی ٹیم نے اس سلسلے میں تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات یقینی بنائے ہیں۔