سوشل میڈیا سٹار سحر حیات نے سمیع رشید سے علیحدگی کی تصدیق کردی

Published On 24 September,2025 06:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر و اداکارہ سحر حیات نے اپنی اور ٹک ٹاکر شوہر سمیع رشید کی علیحدگی سے متعلق زیر گردش خبروں پر لب کشائی کردی۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سحر حیات نے سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں انہوں نے اپنی علحیدگی کی تصدیق کی ہے، ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر سے ایک مداح نے سوشل میڈیا پر سوال پوچھا کہ کیا عائرہ (ان کی بیٹی) کی اب آپ سنگل مدر (اکیلی والدہ) ہیں؟ کیا سمیع بھائی سے اب اس کا کوئی تعلق نہیں؟

فالوور کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے سمیع رشید سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

سوال و جواب کے سیشن میں سحر حیات نے طلاق سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا، ’ہم اب اکٹھے نہیں ہیں، لیکن وہ عائرہ کے والد ہی رہیں گے، اس میں ایک فیصد بھی شک نہیں، بیٹیاں اپنے باپ کے نام سے جانی جاتی ہیں، اور میں اپنی بیٹی کو ماں اور باپ دونوں کی عزت کرنا سکھاؤں گی۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ جہاں تک بات ہے عائرہ کے اپنے باپ سے ملاقات کی تو، میں صرف یہ کہوں گی کہ میں کسی کو بھی ملنے سے نہیں روک سکتی، اس لیے میرے کہنے یا نہ کہنے سے کچھ نہیں ہوتا، جو ہوگا قانون کے مطابق ہوگا، مجھے امید ہے کہ اس معاملے پر دوبارہ بحث کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

واضح رہے کہ سحر حیات ایک مشہور پاکستانی ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر ہیں، جن کے انسٹاگرام پر 2.9 ملین جبکہ ٹک ٹاک پر 11 ملین فالوورز موجود ہیں۔