کامیابی مفت میں نہیں ملتی، قیمت ادا کرنی پڑتی ہے: حمیرا ارشد

Published On 24 September,2025 09:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ ہر انسان کو کامیابی اور شہرت کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، کوئی کامیابی آسانی اور مفت میں نہیں ملتی۔

گلوکارہ نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی، پروگرام کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں زندگی میں ہی اتنی محبت اور پیار ملا، جس کی وہ حقدار تھیں، ریاست کی جانب سے انہیں ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ بچپن سے ہی گنگناتی تھیں اور انہیں گلوکاری کا شوق تھا لیکن انہوں نے کبھی گلوکارہ بننے کا نہیں سوچا تھا، والدہ ذاکرہ تھیں جو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر پروگرامات کرتی تھیں، ایک دن وہ والدہ کے ساتھ گئیں تو انہیں بھی موقع ملا۔

انہوں نے بتایا کہ والدہ کے ساتھ پی ٹی وی پر جانے کے بعد انہیں کم عمری میں گلوکاری کا موقع ملا تو انہوں نے ’صدا ہو اپنے پیار کی‘ گانا گایا جو کہ خوش قسمتی سے بہت مشہور ہوا۔

حمیرا ارشد کا کہنا تھا کہ پہلے ہی گانا ان کے لیے بخت لایا اور وہ مقبول ہوگئیں، وہ معروف گلوکارہ بن گئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں صفائی کرنے اور جھاڑو لگانے والے دو ایسے مداح ملے، جو انہیں دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے، ان سے آواز ہی نہیں نکل رہی تھی۔

گلوکارہ نے بتایا کہ حیران کن طور پر انہوں نے جب جھاڑو لگانے والے مداحوں میں سے ایک کو اپنے پاس بلایا تو الٹا وہ انہیں کہنے لگے کہ کیا گلوکارہ انہیں جانتی ہیں؟ کیا وہ ان کی مداح ہیں؟ جس پر وہ حیران بھی رہ گئیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں حمیرا ارشد نے اعتراف کیا کہ دیگر کی طرح انہوں نے بھی کامیابی اور شہرت کی قیمت ادا کی اور ہر فنکار کو قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، آرٹسٹ بننے کے بعد سب سے بڑی قربانی اپنی ذاتی زندگی کا ختم ہوجانا ہوتا ہے، کسی بھی شخص کی پرائیویسی نہیں رہتی، وہ عوامی ملکیت بن جاتا ہے۔

ان کے مطابق آرٹسٹ ایسا چوراہا بن جاتا ہے، جہاں ہر آنے اور جانے والا شخص کھڑے ہوکر آرٹسٹ کے لیے کچھ بھی بول سکتا ہے اور ہر آرٹسٹ کو ایسی قربانی دینی پڑتی ہے۔