ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور اور خوبرو اداکارہ کترینہ کیف نے طویل انتظار کے بعد اپنے مداحوں کے لیے خوشخبری سنا دی۔
آج کترینہ کیف اور وکی کوشل نے انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پہلے حمل کی خوشخبری دی، تصویر میں 42 سالہ کترینہ کیف اور 37 سالہ شوہر وکی کوشل کے ساتھ ان کا بیبی بمب بھی نمایاں ہے۔
کترینہ کیف نے کیپشن میں لکھا کہ ’خوشی اور تشکر کے ساتھ ہم اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز کرنے والے ہیں۔‘
حمل کی افواہوں کے بعد، کترینہ نے پبلک لائٹ سے دوری اختیار کر رکھی تھی، بھارتی میڈیا کے مطابق بچے کی آمد کے بعد وہ طویل مدتی میٹیرنٹی بریک لیں گی کیونکہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ اپنے بچے کی پرورش میں مکمل طور پر شامل رہیں۔
واضح رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 کو راجستھان کے ایک ریزورٹ میں شاہانہ انداز میں شادی کی تھی۔ شادی کے صرف ایک سال بعد ہی والدین بننے کی افواہیں گردش کرنے لگیں، جو رواں سال کے آغاز سے مزید زور پکڑ چکی تھیں، لیکن اب خود اداکارہ نے ان کی تصدیق کردی ہے۔
مداحوں اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے سوشل میڈیا پر ان جوڑے کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔