سٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) ادب کا نوبل انعام اس سال ہنگری کے ادیب لاسلو کراسناہورکائی کے نام کر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 1.2 ملین ڈالر کی رقم بھی مصنف کو ملے گی۔
سویڈش اکیڈمی کے مستقل سیکرٹری اور ادبی مؤرخ ماٹس مالم نے کہاکہ سال 2025ء کا ادب کا نوبل انعام ہنگری کے مصنف لاسلو کراسناہورکائی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی وجہ عمومی طور پر دہشت زدہ کر دینے والے ماحول میں فنی تخلیق کی طاقت کی بار بار تصدیق کر دینے والے آرٹ کے طور پر ان کی بصارت سے بھرپور اور اپنی گرفت میں لے لینے والی تصنیفات ہیں۔
کراسناہورکائی کو 2025ء کا لٹریچر نوبل پرائز دینے کے فیصلے کے اعلان کے ساتھ سویڈش اکیڈمی کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ ہنگری کے اس ادیب کے لکھے گئے ناول اپنے کرداروں اور کہانی میں اکثر فلسفیانہ ہوتے ہیں، لیکن ساتھ ہی تاریکی میں مزاح اور حیرانی کا سبب بننے والے بھی، جو اکثر ایک ایک جملے سے بھی پوری طرح کھل جاتے ہیں۔
سویڈش اکیڈمی کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ لاسلو کراسناہورکائی کی تصنیفات اپنی مجموعی شناخت میں قاری کو پوری طرح اپنی گرفت میں لے لینے والی اور بصارت انگیز ہیں۔
کراسناہورکائی کی متعدد تصنیفات، جن میں ان کا پہلا ناول Satantango بھی شامل ہے، اس کو ہنگری کے مشہور فلم ڈائریکٹر بیلا ٹار فلما بھی چکے ہیں، ان کے لکھے گئے اولین ناول پر بننے والی اسی نام کی فلم کا دورانیہ 450 منٹ ہے اور وہ آج تک سینما میں دکھائی جانے والی دنیا کی طویل ترین فلموں میں سے ایک ہے۔
اس وقت لاسلو کراسناہورکائی کی عمر 71 برس ہے اور آج کیے گئے نوبل ادب انعام کے اعلان سے پہلے بھی وہ بہت سے مشہور بین الاقوامی ادبی انعامات اور اعزازات حاصل کر چکے ہیں، جن میں انہیں 2015ء میں دیا جانے والا مین بُکر انٹرنیشنل پرائز بھی شامل ہے۔
کراسناہورکائی کی ادبی تخلیقات کے حوالے سے خاص بات یہ بھی ہے کہ انہیں مین بُکر انٹرنیشنل پرائز دیے جانے کے وقت بھی جیوری کے ماہرین نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی تحریروں میں عام جملے بہت غیر معمولی ہوتے ہیں، جو کبھی بہت مختصر اور کبھی بہت طویل بھی ہوتے ہیں، لیکن اپنی روانی میں جذبات اور سوچوں کے بدلتے ہوئے رنکوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج تک ادب کا نوبل انعام 117 مرتبہ اور کُل 121 ادبی شخصیات کو دیا چکا ہے۔
نوبل انعام کی حقدار قرار دی گئی تمام شخصیات کو یہ انعامات 10 دسمبر کو سٹاک ہوم اور اوسلو میں ہونے والی دو مختلف تقریبات میں دیے جائیں گے، ان انعامات کی تقسیم سویڈن کے مشہور سائنسدان اور صنعتکار الفریڈ نوبل کی برسی کے موقع پر کی جاتی ہے، جن کا انتقال 10 دسمبر 1896 کو ہوا تھا۔