لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار و گلوکار فواد خان نے سینئر پلے بیک گلوکارہ حمیرا ارشد کا نام اور پاکستان آئیڈل کا ذکر کئے بغیر ان کی بات پر مبہم ردعمل دے دیا۔
گزشتہ روز فواد خان اور ماہرہ خان کی آنے والی رومانوی فلم ’نیلوفر‘ کا میوزک لاہور میں تقریب کے دوران متعارف کرادیا گیا، اس تقریب کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں ایک ویڈیو خاص طور پر زیادہ مقبول ہوئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں فواد خان سے سوال کیا گیا کہ کیا اس فلم میں کوئی گانا انہوں نے خود گنگنایا ہے، جس کے جواب میں فواد خان نے کہا کہ نہیں، انہوں نے کوئی گانا نہیں گنگنایا۔
انہوں نے ہنستے ہوئے یہ بھی کہا کہ انہیں تو پاکستان میں بھی گانا نہیں گانے دیا جا رہا۔
بعدازاں فواد خان نے فلم کے میوزک کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ فلم میں پانچ گانے شامل ہیں اور ان تمام گانوں کی موسیقی ذیشان وکی حیدر نے تیار کی ہے، یہ گانے ذیشان وکی حیدر کے ٹیلنٹ کے آگے کچھ نہیں کیونکہ یہ بہت ہی باصلاحیت فنکار ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل حمیرا ارشد نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران پاکستان آئیڈل میں فواد خان کی بطور جج شمولیت پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ ایسے فنکاروں کو جج نہیں بننا چاہیے جن کا موسیقی سے کوئی تعلق نہیں۔
فی الوقت فواد خان ملک کے سب سے بڑے موسیقی کے مقابلے ’پاکستان آئیڈل سیزن 2‘ کے ججز پینل کا حصہ ہیں، جس میں راحت فتح علی خان، بلال مقصود اور زیب بنگش بھی شامل ہیں۔



