پیرس: (دنیا نیوز) پاکستانی لوک اور صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے تھیٹر دے لا ویل پیرس میں اپنی شاندار پرفارمنس سے ہال میں موجود حاضرین کو مسحور کر دیا۔
یہ کانسرٹ پاکستانی سفارتخانے اور تھیٹر دے لا ویل کے اشتراک سے منعقد ہوا، پیرس کے شائقین موسیقی کے لیے ایک نایاب موقع تھا کہ وہ ایک ایسی پاکستانی گلوکارہ کو سن سکیں جو نہ صرف اپنی طاقتور آواز بلکہ پاکستان کی روحانی وراثت کی نمائندہ ہونے کے باعث بھی جانی جاتی ہیں۔
پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے صنم ماوری اور ان کی ٹیم کی دلکش کارکردگی کو سراہا اور تھیٹر دے لا ویل کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک بار پھر روشنیوں کے شہر پیرس میں پاکستانی موسیقی کو زندہ کر دیا۔
.jpg)
انہوں نے تھیاتر کی انتظامیہ، خصوصاً سودابہ کیا، کونسیلیئر موزیک دو موند کے کردار کو سراہا جنہوں نے دنیا بھر کے فنون اور موسیقی کی سرپرستی کی ہے، انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ عظیم صوفی گلوکار نصرت فتح علی خان نے بھی ماضی میں اسی تھیٹر میں پرفارم کیا تھا۔
سفیر ممتاز بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ آج کی دنیا میں "ثقافتی سفارت کاری" (Cultural Diplomacy) لوگوں، معاشروں اور ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔
.jpg)
انہوں نے صنم ماروی کے مکمل طور پر فروخت شدہ کانسرٹ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور فرانس کے درمیان فنونِ لطیفہ کے شعبے میں مزید تعاون ہوگا۔
اپنے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے صنم ماروی نے کہا کہ "موسیقی زندگی کا رنگ ہے اور ہمیں اپنی روایتی موسیقی سے بے حد محبت ہے،" وہ اس بات سے نہایت متاثر ہوئیں کہ ایک بڑی بین الاقوامی سامعین کی تعداد نے ان کے فن کو سراہا۔



