کراچی: عدالت پیشی کے دوران یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلا کا تشدد، مقدمہ درج

Published On 30 December,2025 10:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں یوٹیوبر رجب بٹ پر عدالت میں پیشی کے دوران وکلا کی جانب سے مبینہ تشدد کا واقعہ جس پر تھانہ سٹی کورٹ میں رجب بٹ کے وکیل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق 29 دسمبر کو ایڈووکیٹ اپنے موکل رجب علی بٹ کے ہمراہ مقدمے کی پیشی کیلئے سٹی کورٹ کراچی آئے تھے، اس دوران ایڈووکیٹ ریاض سولنگی، فتح چانڈیو اور دیگر وکلا نے مبینہ طور پر رجب بٹ پر حملہ کیا۔

مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ تشدد کے نتیجے میں رجب بٹ کو شدید چوٹیں آئیں جبکہ ان کے وکیل کو بھی ہراساں کیا گیا، حملہ آوروں نے رجب بٹ سے ان کا بیگ بھی چھین لیا جو بعد ازاں ریاض سولنگی نے واپس کر دیا تھا تاہم مقدمے کے مطابق بیگ تو واپس کر دیا گیا لیکن اس میں موجود تین لاکھ روپے غائب تھے۔

مزید برآں رجب بٹ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں، پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔