بیٹے کے ساتھ بھارتی گانے پر ڈانس، نادیہ خان کو شدید تنقید کا سامنا

Published On 27 December,2025 12:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی سینئر اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان کو بیٹے کے ساتھ بھارتی گانے پر ڈانس کرنا مہنگا پڑ گیا۔

نادیہ خان نے حال ہی میں اپنی فیملی کے ہمراہ ایک مہندی کی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے نیلے رنگ کا خوبصورت جوڑا زیب تن کیا جبکہ ان کے بیٹے نے کالے رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔

اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بھارتی گانے سینوریٹا پر اپنے بیٹے کے ساتھ ڈانس کرتی نظر آ رہی ہیں، ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا اور متعدد صارفین نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں نادیہ خان نے گلوکار طلحہ انجم کو بھارتی پرچم لہرانے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر نہ صرف عوام بلکہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔