صبا قمر کا اپنا نام استعمال کر کے سستی شہرت حاصل کرنے والوں کو کرارا جواب

Published On 28 December,2025 11:16 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ اداکارہ صبا قمر نے اپنا نام استعمال کر کے سستی شہرت حاصل کرنے والوں کو کرارا جواب دے دیا۔

حالیہ دنوں میں صبا قمر کے خلاف پولیس یونیفارم بغیر اجازت پہننے پر مقدمہ درج کرنے کیلئے ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر اداکارہ نے بالآخر اپنا دوٹوک مؤقف سامنے رکھ دیا ہے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انہوں نے سٹوری شیئر کرتے ہوئے اس خبر کا سکرین شاٹ شیئر کیا۔

اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ارسال کی گئی درخواست بھی شیئر کی، جو 31 ستمبر 2021 کو لاہور آپریشنز کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے نام لکھی گئی تھی، اس درخواست میں ’پاکستان کی امیج کی بہتری کے مقصد سے ڈی جی پی آر پنجاب پروجیکٹ‘ کیلئے پولیس یونیفارم خریدنے اور استعمال کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔

صبا قمر نے اس پٹیشن کو شہرت کا استعمال کرتے ہوئے ’پبلسٹی‘ کا ذریعہ قرار دیا، اور ناقدین سے کہا کہ ’براہ کرم شہرت کیلئے کسی اور کو ڈھونڈیں‘، ’آج میرے پاس جو کچھ ہے وہ محنت کا نتیجہ ہے۔

ناقدین کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’اپنے سفر پر توجہ مرکوز رکھیں، کیونکہ آپ کا وقت آئے گا‘۔