بھارت کی خوبرو اداکارہ نندی نے خودکشی کرلی

Published On 30 December,2025 11:00 am

دہلی: (ویب ڈیسک) کنڑ اور تمل ٹیلی وژن میں تیزی سے ابھرنے والی اداکارہ نندنی سی ایم بنگلوراپنی رہائش گاہ سے مردہ حالت میں پائی گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد خود کشی کے امکان کی طرف اشارہ کرتے ہیں، اداکارہ کے کمرے سے ایک تحریری نوٹ بھی برآمد ہوا ہے جسے تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق نوٹ میں نندنی سی ایم نے خاندانی دباؤ، بالخصوص شادی کے معاملے پر شدید ذہنی تناؤ کا ذکر کیا ہے، وہ اس فیصلے کے لیے ذہنی طور پر خود کو تیار محسوس نہیں کر پا رہی تھیں جس کے باعث وہ مسلسل پریشانی اور دباؤ کا شکار تھیں۔

نوٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ طویل عرصے سے جاری ذہنی کشمکش نے ان کی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا تھا تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ خودکشی نوٹ ملنے کے باوجود واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری رکھی جائیں گی اور کسی امکان کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

نندنی سی ایم تمل اور کنڑ ٹیلی وژن انڈسٹری میں اپنی شناخت بنا رہی تھیں اور حال ہی میں ایک مقبول تمل ڈرامے میں اہم کردار ادا کر چکی تھیں، ایک افسوسناک اتفاق کے طور پر ان کے حالیہ تمل ڈرامے گوری کا بھی ذکر سامنے آ رہا ہے جس میں ان کے کردار میں زہر پینے کا منظر دکھایا گیا تھا تاہم حکام نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اس کردار کا ان کی موت سے کوئی تعلق ہے۔

وفات کے وقت نندنی ڈرامہ گوری میں مرکزی کردار ادا کر رہی تھیں، جہاں وہ کنکّا اور درگا کے دوہرے کردار میں نظر آ رہی تھیں جس پر انہیں ناظرین کی جانب سے خاصی پذیرائی حاصل ہوئی تھی، نندنی کا تعلق کوٹور سے تھا اور وہ بنگلور میں مقیم تھیں، انہوں نے کئی مقبول کنڑ ٹی وی ڈراموں میں معاون کردار بھی ادا کیے تھے۔