اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے استعفے کی خبر جعلی ہے میں منظر سے غائب نہیں ہوں، ن لیگ ہمارا گھر ہے بڑی محنت سے نواز شریف نے بنایا، نوازشریف میرے قائد ہیں ہر معاملے میں ان سے رہنمائی اور مشاورت لیتا ہوں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں انٹرویو میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ میں مشاورت سے فیصلے ہوتے ہیں۔ مشاورت سے ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا حق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری رائے ڈھکی چھپی نہیں ہے کوئی بھی ہو ہمیں ملک کیلئے ذاتی انا کو ختم کرنا چاہیے۔ مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ہم 2018ء کے انتخابات سے پہلے بہتر حکمت عملی بناتے تو شاید 2018 کے الیکشن کے نتیجہ میں نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنتے۔ میں یہ بات آج بھی بلا خوف کہہ سکتا ہوں اور آج ملک اوپر جا رہا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جیب خالی ہے تو یہ بجٹ خالی ہے، اسی طرح یہ خبر بھی جعلی ہے کہ میں ن لیگ کی صدارت چھوڑ رہا ہوں۔ ہماری معاشی صورتحال یہ ہے کہ ہر طرف کشکول لے کر پھرتے ہیں۔