لاہور: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے ایف آئی اے کے مقدمات میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری درخواست ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کر دی۔ عدالت نے وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔
بنکنگ عدالت کے ڈیوٹی جج حامد حسین نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے منی لانڈرنگ کے مقدمات کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔
شہباز شریف کے وکلاء نے ایف آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے شوکاز نوٹس کا جواب عدالت میں جمع کروایا اور استدعا کی کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث کیس کی لمبی تاریخ دی جائے۔ عدالت نے کارروائی ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کی درخواست ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کر دی۔