اربن فاریسٹری، وزیراعظم 4 اگست کو مصنوعی جنگل میں پودا لگائیں گے

Published On 01 August,2021 09:00 am

لاہور: (دنیا نیوز) اربن فاریسٹری کے تحت لاہور میں ایشیا کا سب سے بڑا میاواکی جنگل سگیاں کے مقام پر لگایا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان 4 اگست کو مصنوعی جنگل میں پودا لگائیں گے، 100 کنال پرمحیط میاواکی جنگل میں ایک لاکھ 12 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

شہر لاہور کے لیے ایک اور اعزاز، سگیاں پارک کی سائٹ پر 100کنال پر محیط ایشیا کا سب سے بڑا میاواکی جنگل لگے گا۔ سیٹ پر ایک سو کنال پر ایشیا کا سب سے بڑا میواکی جنگل لگے گا۔ مصنوعی جنگل میں ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد درخت لگائے جائیں گے جو تین سے پانچ سال کے دوران تناور درخت بن جائیں گے۔

پی ایچ اے حکام کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 4 اگست کو میاواکی جنگل میں پودا لگائیں گے، گلشن اقبال پارک میں بھی 50کنال اراضی پر میاواکی جنگل لگے گا۔

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے ہارٹی کلچر آصف محمودکا کہنا ہے کہ اس سے پہلے جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا میاواکی جنگل لگانے کا ریکارڈ بھی لاہور کے پاس ہے۔ سگیاں پارک میں لگنے والے جنگل سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوگی۔

ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی نے کہا ہے کہ سگیاں میاواکی جنگل میں پودے لگانے کا کام شروع کر دیا، یہ جنگل پانچ سال میں گھنا ہوجائے گا۔

مون سون کے دوران لاہورمیں مزید 5 لاکھ 20 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے ۔ پی ایچ اے نے جاپانی تکنیک میاواکی کے تحت جنگل لگانا شروع کر دئیے، اب تک شہر میں 51 مصنوعی جنگل لگائے جا چکے ہیں۔

مون سون میں جنگلات لگانے کے لئے مزید 15 مقامات کی نشاندہی کر لی گئی، پی ایچ اے کے زیر انتظام 260 کنال اراضی پر میاواکی جنگل لگائے جائیں گے۔ سگیاں کے مقام پر میاواکی جنگل لگانے کے لئے پورے پارک میں کھدائی کر دی گئی ہے۔
 

Advertisement